5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لیبیا اور بحرین میں ہنگامے، چار چارشہری جاں بحق
جنگ نیوز -
تریپولی…تیونس اور مصر میں طویل عرصے سے برسراقتدار حکمرانوں کیخلاف کامیاب احتجاج کے بعد مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں جمہوری اصلاحات کیلئے حکمرانوں کیخلاف مظاہرے جاری ہیں،لیبیا اور بحرین میں جاری ہنگاموں میں چار چارشہری جاں بحق ہو گئے۔لیبیاکی غیرسرکاری تنظیموں اوراپوزیشن کی ویب سائٹ کے مطابق جھڑپوں میں چارافراد ہلاک ہوئے ہیں۔ان کے مطابق پرامن مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے ہتھیاروں کابے دریغ استعمال کیاگیا،لیبیا کے بڑے شہروں بن غازی اور بائدہ میں ہونیوالے مظاہروں کے بعدحکومت مخالفین نے آج ملک بھرمیں ’ یوم الغضب‘ کااعلان کیا ہے اورکہاہے کہ معمر قذافی کے مستعفی ہونے اور سیاسی اوراقتصادی اصلاحات تک احتجاج جاری رہے گا۔ بحرین کے دارالحکومت منامہ کے مرکزی پرل اسکوائر پر تین دن سے احتجاج جاری ہے،آج پولیس نے حکومت مخالف سیکڑوں مظاہرین کو ہٹانے کیلئے دھاوا بول دیا پولیس نے مظاہرین پر تشدد کے علاوہ آنسو گیس بھی استعمال کی۔گزشتہ روز پولیس تشدد سے زخمی ہونیوالے افراد میں سے چارزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔عراق کے صوبے واسط میں حکومت کی کرپشن کیخلاف مظاہرہ کرنیوالے چار افراد ہلاک ہوگئے۔سرکاری ترجمان کے مطابق جھڑپوں میں ایک اہلکار بھی مارا گیا،جنوب مشرقی علاقے میں مظاہرین نے سرکاری دفاتر پر حملہ کردیا جنھیں منتشر کرنے کیلئے پولیس نے فائرنگ کی۔