5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر لائحہ عمل عدالت میں پیش کیا جائیگا، فردوس عاشق
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر وزارت قانون و انصاف،خارجہ اور داخلہ مشترکہ لائحہ عمل تیار کر رہی ہیں جو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اسلام آبادمیں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعدبریفنگ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایاکہ وفاقی کابینہ میں اتفاق کیا گیا کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ عدالت میں ہے اور فیصلے کا اختیار عدالت کو ہے،عدالت کے استحقاق میں مداخلت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے کے قیام کے مسودے کومزید بہتر بنانے کے لئے قانون وانصاف،داخلہ،بین الصوبائی رابطہ اور سیفران کے وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ریمنڈڈیوس کا معاملہ اگلے چنددن میں حل ہونے سے متعلق جان کیری کابیان ان کی ذاتی رائے ہے، اورخواہشات پرقدغن نہیں لگائی جاسکتی۔ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں قصاص یا دیت کے بارے میں صوبائی حکومت ہی بہتر کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیمرا کی تنظیم نو کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیراطلاعات نے بتایاکہ وفاقی کابینہ آئندہ ہر اجلاس میں ایک گھنٹہ ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لیا کرے گی۔