5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اسلام آباد:7ہزار اساتذہ کی اپ گریڈ نہ کئے جانے پر ہڑتال
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے4 سو سرکاری تعلیمی اداروں کے سات ہزار اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں مکمل ہڑتال شروع کردی ہے۔ایف جی اسکولزکے اساتذہ نے اپنے گریڈاورترقی کے حکومتی اعلان پرعمل درآمدکیلئے ہڑتال اورکلاسوں کامکمل بائیکاٹ شروع کردیاہے۔ وہ حاضری لگانے کے بعدبازوؤں پرسیاہ پٹیاں باندھ کرکلاس رومزکے باہربیٹھے گئے۔ احتجاج کی پہلے سے اطلاع پرطلبہ کی کم تعدادنے اسکولوں کارخ کیا۔ کلا س رومزویران رہے،بعض سکولوں میں طلبا نے تدریسی عمل معطل ہونے کیخلاف اساتذہ کے حق اورمخالفت میں مظاہرے کئے۔صدر ایف جی ٹیچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مجبورہوکر مہذب انداز میں احتجاج کا راستہ اپنایا، وزیراعظم کے اعلان کے باوجود اپ گریڈیشن کیوں نہیں کی گئی ۔10 نومبر کو وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے وفاقی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو اگلے گریڈز میں ترقی دینے اورایف جی اسکولز کو ماڈل کا درجہ دینے سمیت کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی تھی، جن کا اطلاق یکم جنوری سے ہونا تھا۔اساتذہ نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری کانوٹی فکیشن جاری نہ کیاگیاتووہ اگلے ماہ سے شروع ہونیوالے امتحانات کابھی مکمل بائیکاٹ کردیں گے۔