5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دس نکاتی ایجنڈے پرحکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے، نوازشریف
جنگ نیوز -
لاہور…مسلم لیگ ن سیالکوٹ کے کارکنوں نے لاہور میں نوازشریف سے ملاقات میں انہیں پنجاب میں پیپلزپارٹی سے جان چھڑا نے کامشورہ دیا، نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ فیصلہ کارکنوں کی خواہشات کے مطابق ہوگا۔ماڈل ٹاؤن میں ضلع سیالکوٹ کے کارکنوں کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہاکہ10 نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد سے پاکستان مستحکم ہو سکتا ہے۔ ایجنڈے پر عملدرآمد میں سست روی سے بہت مایوسی ہوئی ، دس نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد نہ کرنے سے جمہوریت کا نقصان ہو گااور اس معاملے پر حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران کارکنوں کی اکثریت نے نوازشریف کوتجویز دی کہ پیپلزپارٹی سے جان چھڑائی جائے۔اجلاس میں راجا ظفرالحق، ذوالفقار کھوسہ، خواجہ آصف،خواجہ سعد رفیق اور سیالکوٹ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔