تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

لاہور: دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے والی جنگلی بلی پکڑی گئی

جنگ نیوز -
لاہور… بلی پکڑنا آسان کام نہیں،یہ بات اس وقت ثابت ہوگئی جب لاہور میں ایک پلازہ کے دفتر میں جنگلی بلی گھس آئی جسے ریسکیوٹیم نے دوگھنٹے کی جدوجہدکے بعد پکڑ ا۔لاہور کے مشہور تجارتی مرکز ٹمپل روڈ کے علاقے میں اس وقت خوف ہراس پھیل گیا جب ایک دراز قامت خوفناک جنگلی بلی ایک پلازہ کے دفتر میں گھس گئی اور توڑ پھوڑ شروع کردی ۔لوگوں کی اطلاع پر ریسکیو1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور بلی کو مختلف طریقوں سے قابو کرنے کی کوشش کی گئی اور تقریباً دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد اس کے گلے میں گھنٹی باندھ دی گئی۔ ریسکیو ٹیم نے بتایا کہ یہ ایک جنگلی بلی ہے جسے کوئی پالنے کے لیے لایا ہوگا اوروہ وہاں سے فرار ہوکراس پلازہ میں گھس گئی۔ریسکیو1122کا کہنا تھا کہ اس جنگلی بلی کا وزن بارہ کلو گرام سے زائد ہے اور یہ بلی پالی نہیں جاسکتی ۔ جنگلی بلی کو پکڑنے کی کوشش میں ریسکیو اہلکاروں کے پسینے چھوٹ گئے جبکہ ایک اہلکار بلی کے کاٹنے سے زخمی بھی ہوگیا۔بالاخر بلی کو تھیلے میں بند کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اس بلی کو ویران جگہ پر چھوڑ دیا جائیگا یا پھر چڑیا گھر والوں کے حوالے کیاجائے گا۔ ریسکیو1122نے بلی پکڑی تو علاقے کے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.