5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اداروں میں ایڈہاک ازم کا خاتمہ چاہتے ہیں، عاصمہ جہانگیر
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ بار ایسوی ایشن کی صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ اداروں میں ایڈہاک ازم کا خاتمہ چاہتے ہیں اورروز اول سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ایڈہاک ججز کے تقرر کے خلاف رہی ہے۔ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل لطیف خان آفریدی کے ہمراہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عاصمہ جہانگیرنے بتایاکہ یہ ملاقات سپریم کورٹ بارکی درخواست پرہوئی جوایک گھنٹہ جاری رہی اوراس موقع پرججز تقررکے معاملات پر بات ہوئی ۔ عاصمہ جہانگیر کاکہناتھاکہ وہ پوری بار کا مینڈیٹ لے کر چیف جسٹس پاکستان سے ملنے گئیں تھیں اورایڈہاک ججزکی تعیناتی سے متعلق خدشات چیف جسٹس تک پہنچائے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وہ ججز اور اداروں کی عزت کرتی ہیں، چیف جسٹس سے ملاقات میں کوئی چیزطے کرنے نہیں گئے تھے بلکہ انہیں اپناموقف بتایا،ایڈ ہاک ججز کا تقرر کیا گیا تو اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے رہیں گے۔