تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ذوالفقار مرزا کی رحمن ملک اور قائم علی شاہ کے ساتھ نائن زیرو آمد

جنگ نیوز -
کراچی… پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے ددرمیان جاری مفاہمت کی پالیسی جاری رہے گی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک دونوں جماعتوں کا اتحاد مضبوط رہے گا ،ملک میں جمہوریت مستحکم ہوگی اور حکومت اپنی مدت بھی پوری کرے گی، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذو الفقارمرزا اور دیگر رہنماؤں پرمشتمل پیپلز پارٹی کے وفد کی نائن زیرو آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے پہلے نائن زیرو پر ملاقات کی۔اس دوران ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے لندن سے ٹیلیفون پر وفد سے بات چیت کی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی وزیر داخلہ کی موجودگی کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات سے مخالفین کو واضح پیغام ملا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ تین سال پہلے ہم نے جو وعدے کیے تھے ان پر آج بھی قائم ہیں،اتحاد اور اتفاق سے عوام کے دیرینہ مسائل حل کرسکتے ہیں،ملاقاتیں جاری رکھیں گے تاکہ دوریاں ختم ہوں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ محبت کے اظہار کے لیے وہ الطاف حسین کے مشکور ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے اور بھائیوں کی طرح رہیں گے،وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم مل کر کام کریں گے تو صوبے اور عوام کے مسائل حل کرسکیں گے۔وفاقی داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ جب لیڈر ویژن لے کر چلتے ہیں تو قوموں کو راستہ بھی دکھاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ چلنے کا وژن بے نظیر بھٹوشہید نے دیا تھا، رحمان ملک کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے پیپلز پارٹی کا جس طرح ساتھ دیا اس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں ترقی پسند جماعتیں ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے اتحاد میں ہے۔ملاقات میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان جو عہد و پیماں ہوئے ہیں ان پر عمل درآمد ہونا چاہیے،انہوں نے ایم کیو ایم کے وزراء سے کہا کہ قائم علی شاہ کو اپنا وزیراعلیٰ سمجھیں اور قائم علی شاہ ایم کیو ایم کو اپنا سمجھیں۔انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے۔ میڈیاسے بات چیت میں ڈاکٹر ذو الفقار مرزا کا کہنا تھا کہ نائن زیرو آصف علی زرداری کے بھائی کا گھر ہے اور وہ اپنے بھائی کے گھرآئے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی ،سندھ اور عوام کے لئے جان بھی قربان کرسکتے ہیں ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.