تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

بجلی کے نرخ میں مزید 96پیسے اضافہ عوام دشمن اقدام ہے ، رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کی جانب سے کراچی میں بجلی کے نرخ میں مزید 96پیسے فی یونٹ اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراس اضافے کو ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عوام پر مہنگائی کے بوجھ ، بیروزگاری ، بجلی ، گیس اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں پے در پے اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ کررکھ دی ہے اور ان حالات میں غریب آدمی کا معمولات زندگی چلانا مشکل سے مشکل ترین ہوچکا ہے اور ان حالات میں بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرنا انتہائی غیر منطقی اور کھلا عوام دشمن اقدام ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بلند وبانگ دعوے کرتی چلی آئی ہے لیکن بجلی کے نرخوں سمیت مہنگائی کی شرح میں روز بروز اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت غریب عوام کو ریلیف کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اگر حکومت کی جانب سے عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کے سنگین بحرانوں سے نکالنے کیلئے مثبت اقدامات بروئے کارنہ لائے نہ گئے اور صرف زبانی دعوؤں پر ہی اکتفا رکھا گیاتوملک کے بحران در بحران میں مبتلا ہونے کا سنگین اندیشہ ہے اور یہ صورتحال ملک بھر کے محب وطن عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا ہے کہ کے ای ایس سی کی جانب سے بجلی کے نرخ میں مزید 96پیسے فی یونٹ کے اضافے کا فیصلہ فی الفورواپس لیا جائے اور عوام دشمن اقدامات کا سلسلہ فی الفور بند کرکے غریب عوام کوسبسڈی فراہم کی جائے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.