5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بنارس فلائی اوور ایک ٹریک مکمل،گورنر اور وزیراعلیٰ نے افتتاح کردیا
جنگ نیوز -
کراچی …سید منہاج الرب …گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ عوامی حکومت عوام کو شہری سہولیات کی فراہمی کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ کراچی سمیت صوبہ بھر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ بعض ترقیاتی منصوبے مکمل ہورہے ہیں جن سے عوام کو سہولیات حاصل ہونگی۔بنارس فلائی اوور کے نیچے اور اطراف کی سڑکوں کی تعمیر 3 ماہ کے اندر مکمل کر لی جائے گی۔حکومت کو اس بات کا احساس ہے کہ یہاں کے مکین مسائل کا شکار ہیں اسی وجہ سے حکومت تیزی سے کاموں کی تکمیل کر رہی ہے بنارس فلائی اوور کا ایک ٹریک مکمل ہوچکا جبکہ دوسرے ٹریک کا 95 فیصد کام مکمل ہوچکا بقیہ کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے ہمراہ بنارس چوک فلائی اوور کے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لئے کھولنے کے موقع پر علاقہ معززین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا، وزیر بلدیات آغا سراج درانی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون ، وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد، صوبائی وزیر محنت امیر نواب خان، وزیر اعلیٰ کے مشیر وقار مہدی ، راشد ربانی، ڈی سی او کراچی محمد حسین سید، دیگر افسران اور علاقہ معززین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک ارب 15 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ فلائی اوور پاکستان کے شہروں میں تعمیر ہونے والایہ پہلا فلائی اوور ہے جس کی لمبائی تقریباً پونے 2 کلو میٹر (1644 میٹر) ہے جبکہ فلائی اوور کی چوڑائی 24 تا 27 میٹر ہے ، فلائی اوور میں 862 پلر، 350 گارڈر استعمال ہوئے ہیں۔ گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے پل کے نیچے زیر تعمیر سڑکوں کا بھی معائنہ کیا جہاں سٹی حکومت نے 85 کروڑ روپے کی لاگت سے فلائی اوور کے اطراف کی سڑکوں کی تعمیر پر کام شروع کیا ہوا ہے۔گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کی بنارس چوک آمد کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں افراد موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے تالیوں اور نعروں کی گونج میں گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کو خوش آمدید کیا۔ اس موقع پر حاضرین کے مطالبہپر گورنرسندھ اور وزیر علیٰ سندھ علاقہ معززین ایک وفد سے ملاقات کی،اور وفد کو یقین دہانی کرائی کہ فلائی اوور کے نیچے اور اطراف کی تمام سڑکوں کو 3 ماہ کے اندر اندر مکمل کرلیا جائے گاگورنر سندھ نے کہا کہ عوام کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ بنارس فلائی اوور کے ایک ٹریک کو اس لئے کھولا جا رہا ہے تاکہ بنارس چوک سے ٹریفک کا رش کم ہو اور سڑکوں کی تعمیر کے کاموں میں تیزی لائی جاسکے انہوں نے کہا کہ ٹریفک کو پل پر منتقل کرنے کے بعد سڑکوں کی تعمیر کے کام کو مزید تیز کرکے تین ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ فلائی اوور کے دوسرے ٹریک کو بھی جلد از جلد مکمل کرلیا جائے گا انہوں نے کہا کہ کراچی میں ترقی کا سفر جاری ہے اور حکومت اس میں تیزی لانے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ۔