5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دریائے سندھ میں دریافت قدیم بحری جہاز کی تاریخ
جنگ نیوز -
ٹھٹھہ…ٹھٹھہ کے کے قریب دریائے سندھ میں قدیم بحری جہاز کی دریافت نے لوگوں کوحیران کردیا ہے۔ حکومت سندھ نے اس جہاز کے تحفظ کے لئے اقدامات بھی شروع کردیئے ہیں، دریائے سندھ میں ٹھٹھہ کے علاقہ گوٹھ راجو نظامانی کے قریب ایک قدیم بحری جہاز دریافت ہواہے،اس جہاز کی لمبائی تقریباً 100فٹ جبکہ چوڑائی 30 سے 35 فٹ ہے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ جہاز برطانوی دورحکومت کا ہے جو تقریباً دو سو سال پہلے یہاں تجارت کی غرض سے آیا تھا۔ کراچی سے ہندوستان کے دیگرعلاقوں میں تجارت کے لئے استعمال ہونے والا یہ جہاز گوٹھ راجو نظامانی کے قریب پہاڑی سے ٹکرا کر ڈوب گیاجبکہجہاز میں موجود12 سے13 افراد کو مقامی لوگوں نے بچا کر متبادل کشتی کے ذریعے ہندوستان روانہ کردیا تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جس مقام سے یہ جہاز دریافت ہوا ہے وہ تاریخی حیثیت سے بڑی اہم سمجھی جاتی تھی۔ سندھ کی تاریخی بندرگاہوں میں شمار ہونے والی یہ جگہ کپڑے، گندم اور کھانے پینے کی اشیا کی تجارت کا مرکزتھی۔اور یہ بھی بتایا جاتا ہے کہیہ علاقہ کپڑوں میں استعمال ہونے والے نیل کا بھی اہم تجارتی مرکز تھا۔محکمہ آرکیالوجی سندھ کے اہلکاروں نے قدیم بحری جہاز کا دورہ کیا،اس دوران انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دریافت ہونے والے بحری جہاز کو محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ،جہاز کوجلد از جلد محفوظ بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ جہاز سے قیمتی لکڑی اور دیگر نایاب سامان چوری ہونے سے بچایا جا سکے۔