5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سیکنڈ کوارٹر کے دوران ادائیگی نظام کے انفرااسٹرکچر میں نمو کا رجحان برقرار
جنگ نیوز -
کراچی…سید منہاج الرب…رواں مالی سال 2010-11کی دوسری سہ ماہی (اکتوبر- دسمبر) کے دوران پے منٹ سسٹمز انفرااسٹرکچر میں نمو کارحجان برقرار رہا۔ اس عرصے کے دوران ای - بینکنگ انفرااسٹرکچر میں کل 172 آٹومیٹڈ ٹیلرمشینوں (automated teller machines-ATMs) کااضافہ ہوا اورملک میں اے ٹی ایمز کی مجموعی تعداد 4,734کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی پے منٹ سسٹمز پراسٹیٹ بینک کی دوسری سہ ماہی رپورٹ جوآج جاری کی گئی، میں کہاگیاہے کہ مزید 309بینک شاخوں کورئیل ٹائم آن لائن برانچز کی حیثیت سے اپ گریڈ کیاگیاہے۔رپورٹ میں مزید کہاگیاہے کہ اب پاکستان میں موجود کل9,483بینک شاخوں میں سے7,036بینک شاخیں رئیل ٹائم آن لائن بینکنگ کی خدمات پیش کررہی ہیں۔ اسی طرح پلاسٹک کارڈز (اے ٹی ایم، ڈیبٹ اورکریڈٹ کارڈ) کی تعداد میں بھی گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں19.21فیصد اضافہ ہوا۔ زیر جائزہ سہ ماہی کے اختتام پر13.19ملینپلاسٹک کارڈ زیر استعمال تھے ،رپورٹ کے مطابق زیرجائزہ سہ ماہی کے دوران ملک میں ای -بینکنگ کے ذریعے مجموعی لین دین حجم کے اعتبار سے 56.42 ملین اورمالیت کے اعتبار سے 5.5ٹریلین روپے تک پہنچ گیا۔ اس طرح اس میں گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں حجم کے اعتبار سے 7.30 فیصد اضافہ اور مالیت کے اعتبار سے17.47 فیصد اضافہ ہوا۔ اے ٹی ایم ایمزجوای بینکنگ لین دین کاسب سے بڑا ذریعہ ہیں، میں لین دین کی تعداد کے اعتبار سے 5.6فیصد اورمالیت کے اعتبار سے 9.5 فیصداضافہ ہوا جو اوسطاً 8,804 روپے فی اے ٹی ایم ٹرانزیکشن کی مالیت ظاہر کرتاہے۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ رئیل ٹائم آن لائن برانچزسے متعلق لین دین میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ،جس میں تعدا د کے اعتبار سے 10.59فیصد اورلین دین کی مالیت کے اعتبار سے 17.97فیصد اضافہ ہوا رپورٹ کے مطابق یہ رحجان پاکستان رئیل ٹائم انٹربینک سیٹلمنٹ میکانزم کے ذریعے بڑی مالیت کے لین دین میں بھی دیکھا گیا ،جس میں گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں حجم کے اعتبار سے 12.73 فیصد اورلین دین کی مالیت کے اعتبار سے 13.49 فیصداضافہ ہوا۔ ٹرانزیکشنز کابڑا حصہ مالیت کے اعتبار سے تمسکات (securities) کی سیٹلمنٹ تھاجو مجموعی لین دین کا46 فیصد تھا،جب کہ انٹربینک فنڈز ٹرانسفرز کاحصہ 38فیصد اور ریٹیل چیکس ملٹی لیٹرل کلیئرنگ کی سیٹلمنٹ کے لین دین کاحصہ 16 فیصد تھا اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق زیرجائزہ سہ ماہی کے دوران پیپربیسڈریٹیل پے منٹسکاحجم اورمالیت بالترتیب 88.46ملین اور39.7 ٹریلین روپے رہا۔جن میں گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں حجم کے اعتبار سے 6.63فیصد اورلین دین کی مالیت کے اعتبار سے9.75فیصد اضافہ ہوا۔ پیپربیسڈ پے منٹس کاحصہ مجموعی ریٹیل پے مینٹس میں حجم کے اعتبارسے 61.06فیصد اورمالیت کے اعتبار سے 87.73فیصد تھا۔جب کہ باقی لین دین ای بینکنگ پرمبنی تھا۔