5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بینظیر قتل کیس: پرویزمشرف کے وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری
جنگ نیوز -
راولپنڈی …بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں ، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے یہ وارنٹ سابق صدر کے اسلام آباد اور لندن کی قیام گاہوں کے پتے پر بھیجنے کا حکم دیا ہے ۔راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر تین کے جج رانا نثار نے اڈیالہ جیل جاکر بے نظیر قتل کیس کا ٹرائل کیا۔ اس موقع پر مقدمہ میں گرفتار دو پولیس آفیسرز سعود عزیز ، خرم شہزاد اور دیگر ملزم بھی حاضر تھے ، فریق استغاثہ ایف آئی اے نے پرویزمشرف کے گزشتہ جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی ۔ اس کے مطابق اسلام آباد میں چک شہزاد کے فارم ہاؤس پر موجود افراد نے بتایا کہ پرویزمشرف یہاں مقیم نہیں اور وہ بیرون ملک ہیں ۔اس پر عدالت نے سابق صدر کے وارنٹ پھر جاری کرنے اور انہیں اسلام آباد اور لندن میں ۔ سابق صدر کی دونوں قیام گاہوں کے پتے پر بھیجنے کا حکم دیا، آج اس مقدمہ کے چالان کی نقول فریقین میں تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔ بعد میں مقدمہ کی سماعت پانچ مارچ تک ملتوی کردی گئی۔