5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برف باری،سندھ بلوچستان میں ہلکی بارش
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برف باری شروع ہوگئی ہے ۔ سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ، اور یہ سلسلہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران جاری رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع استور میں رات گئے ایک بار برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ ضلع کے تمام بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ تقریباً ایک ماہ سے منقطع ہے جس کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا ، دواؤں اور ایندھن کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔اسکردو اور گردونواح میں موسم ابر آلود ہے اور برفباری ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ ہنزہ نگر کے بالائی علاقوں اور ضلع مانسہرہ میں وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے ۔ شاہراہ کاغان اور دیگر رابطہ سڑکیں ایک ہفتے سے بند ہیں ۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد اور گردونواح میں ہلکی بارش ہورہی ہے ۔ کیل اور تاؤ بٹ سمیت بالائی علاقوں میں دو روز کے وقفے کے بعد پھر برف باری شروع ہوگئی ہے ۔شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن ، پشین ، توبہ اچکزئی ، توبہ کاکڑی اور مسلم باغ سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی بڑھ گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ، بار خان ، سبی اور ژوب میں بارش ہوئی ۔ اندرون سندھ جیکب آباد میں22 اور جنوبی پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ آئندہ24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب ، خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی بلوچستان ، گلگلت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی9 سنٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا ۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ، کراچی میں 14 ، لاہور میں8 ، پشاور میں6 اور کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت2 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔