5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
نائن زیرو پر مفاہمت کا شاندار مظاہرہ، لوگوں کے مُنہ کھلے رہ گئے، رحمان ملک
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نائن زیرو پر مفاہمت کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا جس سے بعض لوگوں کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ یہ صدر زرداری اور الطاف حسین کا وژن ہے کہ دونوں پارٹیاں کراچی میں اکٹھے بیٹھ کر معیشت کی اہمیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔کراچی کے ایوان صنعت و تجارت میں نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کے قیام کی افتتاحی تقریب ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کا قیام کراچی کے شہریوں میں اعتماد کی فضا کو بحال کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز نائن زیرو میں ہونے والی ملاقات کے بعد شہریوں سمیت سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے اٹھارہ ٹاؤنز کو اٹھارہ سنگاپور اور اٹھارہ ہانگ کانگ میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔ ملک میں قومی معاشی ایجنڈے کی ضرورت ہے اور اگر معیشت کی اہمیت کو نہ سمجھا گیا تو یہ مصرجیسی صورتحال کو دعوت دینے کے مترداف ہوگا گے۔ زرعی اصلاحات اور مائیکرو فنانس کا جادو جگائیں تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے اور دوسرے ممالک ہمارے ویزے کے لیے لائن لگائیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مغربی سرحدوں پر ملک کے لیے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان مفاہمت عوام کے مفاد کیلئے ہے ۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور الطاف حسین کا ویژن ملک کے مفاد کیلئے ہے۔