تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ملک کے متعدد شہروں میں بارش،بالائی علاقے برفباری کی لپیٹ میں

جنگ نیوز -
ملک کے بالائی علاقے ایک بار پھر برفباری کی لپیٹ میں ہیں جبکہ کئی شہروں میں بارشوں کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔استور میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ضلع بھر میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔شہری علاقوں میں تقریباً چار فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔اسکردو سمیت گلگت بلتستان کے بیشترمقامات پر موسم ابر آلود ہے۔حالیہ برفباری کے بعد راستے برف سے ڈھک جانے کے باعث ضلع اسکردو کے بالائی علاقوں کے زمینی رابطے منقطع ہیں اور ان علاقوں میں غذا اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ملکہ کوہسار مری میں بھی گزشتہ روز سے شروع ہونے والا برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔شدید سرد موسم کے باوجود ملک بھر سے سیاح مری پہنچ رہے ہیں ۔ اورکزئی ایجنسی میں بھی برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ہنگو شہر اور گردونواح میں بارش ہورہی ہے جبکہ ضلع کرک میں رات گئے ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد سردی بڑھ گئی ہے۔بلوچستان کے شہروں نصیرآباد،جعفرآباد اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والے متاثرین سیلاب سردی کی شدت میں اضافے سے مشکلات کا شکار ہیں۔ سندھ میں جیکب آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ نوشہروفیروز اور ہنگورجہ میں ہلکی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.