5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں پرفارمنس ناقابل فراموش لمحہ ہے، رونا لیلیٰ
جنگ نیوز -
کراچی…گلوکارہ رونا لیلیٰ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں پرفارمنس ان کی زندگی کا ناقابل فراموش لمحہ تھا۔رونا لیلیٰ نے یہ بات ڈھاکا سے جیونیوز اور جنگ کے نمائندے عاشق چوہدری سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ رونا لیلیٰ کا کہنا تھا کہ یوں تو انہوں نے کئی بڑے بڑے کنسرٹس میں پرفام کیا لیکن کرکٹ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کے دوران ان کی پرفارمنس پوری دنیا میں دیکھی گئی۔ رونا لیلیٰ نے بتایا کہ کرکٹ ان کا پسندیدہ کھیل ہے، اگر بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتی تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو وقت پاکستان میں گزارا ہے اس کی حسین یادوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتیں۔ رونا لیلیٰ نے بتایا کہ ورلڈ کپ کے بعد وہ پاکستان کے دورے کا پروگرام بنا رہی ہیں۔