تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کئے بغیر ذکرکا کوئی فائدہ نہیں ، الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ سرکاردوعالم کی تعلیمات پر عمل کئے بغیر نبی کریم کے ذکرکا کوئی فائدہ نہیں ہوگا لہٰذا امام الانبیاء حضرت محمد مصطفی سے عقیدت ومحبت کا تقاضا ہے کہ انکی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہیں کیا جائے بلکہ آپ کی تعلیمات پر عمل بھی کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان معاشی بدحالی کا شکار ہے ، ملک میں بے روزگاری، مہنگائی اورکرپشن اپنے عروج پر ہے اور غریب عوام خودکشی کررہے ہیں، آج کے دن عہد کیا جائے کہ ہم چوری چکاری، جھوٹ اور امانت میں خیانت نہیں کریں گے اور سچے مسلمان بنیں گے ۔یہ بات انہوں نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد سے متصل لال قلعہ گراوٴنڈ عزیزآبادمیں جشن عید میلادالنبی کے سلسلے میں محفل ذکرمصطفی کے روح پرور اجتماع سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔قبل ازیں مختلف مکاتب فکرکے جید علمائے کرام نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی جبکہ معروف نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ الطاف حسین نے محفل ذکرمصطفی میں شرکت آوری پر جیدعلمائے کرام ، مشائخ عظام اور نعت خواں حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان اللہ تعالیٰ کی ذات پر ایمان لائے اوراس کے پیارے محبوب نبی کریم پر ایمان نہ لائے تواللہ تعالیٰ اس کے ایمان لانے کے عمل کو قبول نہیں کرتا۔صرف لاالہ الاللہ کہنے سے بات مکمل نہیں ہوتی جب تک محمد رسول اللہ نہ کہاجائے ایمان مکمل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ سرکاردوعالم کی سیرت طیبہ کا ذکر کرنے سے قبل ہمیں اپنے اپنے اعمال اور کردار کا جائزہ لینا چاہئے ۔آپ نے جوبھی وعظ ، نصیحت اور تبلیغ کی اور کسی بھی بات کا درس دیا تو سب سے پہلے خود اس پر عمل کرکے دکھایا۔انھوں نے کہاکہ آج کی اس بابرکت محفل میں ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم چوری چکاری، دروغ گوئی، بہتان تراشی اور امانت میں خیانت نہیں کریں گے اور سچے مسلمان بنیں گے اور خود کو سرکاردوعالم کا غلام کہنے میں فخر محسوس کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ ہماری رہنمائی فرمائے ، ہمارے گناہوں کو معاف کرے ، پاکستان کی بقاء وسلامتی کو یقینی بنائے ، ملک کی باگ ڈور ایماندار، باصلاحیت اورامانت دار لوگوں کے ہاتھوں میں دے ، ملک سے چوراچکوں اور لٹیروں کا خاتمہ کرے اورپاکستان پر نیک اور صالح لوگوں کی حکمرانی قائم کرے ۔انہوں نے علمائے کرام ، مشائخ عظام اور ذاکرین سے درخواست کی کہ وہ آسان اور سادہ زبان میں نئی نسل کوآگاہ کریں کہ سرکاردوعالم کی سیرت طیبہ کیا ہے اور نبی کریم کس طرح زندگی گزارتے تھے؟طاف حسین نے محفل ذکرمصطفی کے انتظامات میں حصہ لینے پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ، حق پرست عوامی نمائندوں ، ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات بالخصوص علماء کمیٹی کے ذمہ داران اور کارکنان کو زبردست شاباش اوردل کی گہرائی سے خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے محفل ذکر مصطفی کے سلسلے میں موٴثر حفاظتی اقدامات پر قانون نافذ کرنے والوں اور پروگرام کی کوریج کرنے والیصحافیوں کا بھی شکریہ ادا کیا ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.