5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
نیوکراچی،گودھرا سرچ آپریشن کی وجہ سے بارات لیٹ
جنگ نیوز -
کراچی. . .. . . .نیو کراچی کے علاقے گودھرا میں رینجرز کا سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ آپریشن کے باعث بارات بھی لیٹ ہوگئی۔ گھر گھر تلاشی کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ بعض کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جمعے کی رات نیو کراچی کے علاقے گودھرا میں نامعلوم افراد نے علاقے کی مسجد کے پیش امام عدنان شیخ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ان کے سوئم کے موقع پر اتوار کو فائرنگ سے ایک شخص مشتاق زخمی ہو گیا ۔واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری علاقے میں پہنچی تومشتعل افراد کے پتھراؤ سے ایک رینجرز اہلکار زخمی ہو گیا جس کے بعد ناکہ بندی کر کے رینجرز کے کمانڈوز سمیت بھاری نفری طلب کر لی گئی اور علاقے کے تمام داخلی وخارجی راستے بند کر دیے گئے۔ سرچ آپریشن کے باعث ایک بارات کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بارات لیٹ ہوگئی ،باراتیوں کے احتجاج کرنے کے بعد دلہا کو اپنی دلہن رخصت کر کے لانے کی اجازت ملی۔ذرائع کے مطابق گودھرا میں پولیس سے اختیارات لے کر رینجرز کو مکمل اختیارات دے دیے گئے۔جس کے بعد گھر گھر تلاشی کے نتیجے میں اب تک درجنوں افراد کو حراست میں لیا جاچکاہے جبکہ بعض افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار کو بھی حراست میں لیا گیا ہے تاہم رینجر ترجمان نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران خواتین اہلکاروں کی عدم موجودگی پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور اسے چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی قرار دیا۔