5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دوروز کی بارشوں وبرفباری کے بعد بالائی و شمالی علاقوں میں موسم صاف
جنگ نیوز -
اسلام آباد…آزاد کشمیر اور ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ تھم چکا ہے لیکن شدید برف باری اور لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے بند ہونیوالی بیشتر رابطہ سڑکیں اب بھی بند ہیں۔اسکردو اور استور سمیت گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع میں دو روز تک مسلسل بارشوں اور برف باری کے بعد گزشتہ شام سے موسم صاف ہوگیا ہے، تاہم سردی کی شدت برقرار ہے۔ضلع استور میں بالائی علاقوں کا دیگر علاقوں سے رابطہ اب تک بحال نہیں ہوسکا ہے،جس کے باعث اکثر علاقوں میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ شاہراہ کاغان اور ملحقہ رابطہ سڑکیں بھی برف سے ڈھکی ہیں جس کی وجہ سے وادی ناران ،بٹہ کنڈی اور ملحقہ علاقوں کا گزشتہ بیس روز سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔مری میں گیارہ روز بادلوں میں چھپے رہنے کے بعد آج سورج پوری آب وتاب کے ساتھ چمک رہا ہے ۔سیاحوں نے بھی دھوپ سے لطف اندوز ہونے کیلئے شہر کے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔مظفر آباد میں موسم صاف ہے ۔نیلم ،وادی لیپہ اٹھ مقام کی رابطہ سڑکیں برف باری اور لینڈ سلائڈنگ کے باعث بند ہیں۔ چیچہ وطنی اور گردونواح میں آج صبح شدید دھند رہی،دھند کے دوران ٹریفک کے مختلف حادثا ت میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جبکہ بائی پاس روڈ پر متعدد گاڑیاں بھی آپس میں ٹکرا گئیں۔