5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈ کیخلاف جاسوسی کامقدمہ درج نہ کرنے پرپولیس سے جواب طلب
جنگ نیوز -
لاہور…لاہورکے ایڈیشنل سیشن جج نے ریمنڈ ڈیوس کیخلاف جاسوسی کا مقدمہ درج نہ کرنے پر تھانہ لٹن روڈ پولیس سے جواب طلب کرلیاہے۔یہ احکامات عدالت نے ایک مقامی وکیل اقبال مغل کی طرف سے دائرکی گئی درخواست پر جاری کئے،جس میں امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے خلاف جعلی شناخت اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کرانے کی استدعاکی گئی تھی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حقائق ظاہر کرتے ہیں کہ ریمنڈ ڈیوس بلیک واٹر کا رکن ہے۔ وہ جعلی شناخت پر لاہور میں مقیم تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وقوعہ کے بعد ریمنڈ ڈیوس سے خنجر، وائرلیس اور ممنوعہ اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ایڈیشنل سیشن جج نے تھانہ لٹن روڈ پولیس سے جواب طلب کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کیخلاف جاسوسی کرنے اورشناخت چھپانے کے مقدمات درج کیوں نہیں کئے گئے۔