تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

این آئی سی ایل اسکینڈل:امین قاسم دادا نے ایف آئی اے سے رابطہ کرلیا

جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . این آئی سی ایل اسکینڈل کے اہم مفرور ملزم امین قاسم دادا نے ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم سے رابطہ کرکے گرفتاری دینے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے ۔ جب کہ مطلوب ملزم مونس الٰہی نے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کرالی ہے ، ضمانت کی منظوری یا منسوخی کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کل متوقع ہے ۔ ایف آئی اے ذرائع نے اسلام آباد میں جیونیوز کے نمائندے آصف علی بھٹی کو بتایاہے کہ امین قاسم دادا نے این آئی سی ایل اسکینڈل کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ظفر قریشی سے ٹیلے فون پر خود رابطہ کیا تاہم یہ ظاہر نہیں کیا کہ وہ کس جگہ ہیں۔ امین قاسم دادا نے خود سرنڈر کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے اپیل کی کہ اس کے ساتھ انصاف کیاجائے۔ ایف آئی اے تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ظفر قریشی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پیش ہوجائیں ،انہیں مکمل انصاف اور تحفظ فراہم کیاجائے گا ۔تحقیقاتی ٹیم کے ذرائع نے بتایاہے کہ کیس کے ایک اور اہم ملزم مونس الٰہی نے سندھ ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کرالی ہے۔ ایف آئی اے تحقیقاتی ذرائع کا کہناہے کہ اس کیس کی ٹرائل کورٹ ، لاہور ہائی کورٹ ہے اور اگر وہ مونس الٰہی کی ضمانت دے بھی دیتی ہے توبھی ان کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی منسوخی کے لیے اپیل کی جائے گی۔ انٹرپول کیس کے ایک اور ملزم محسن وڑائچ کے ریڈ وارنٹ جاری کرچکی ہے جب کہ ایف آئی اے وفاقی حکومت کی جانب سے محسن وڑائچ کی برطانیہ سے حوالگی کے لسلسلے میں سوال نامے کا جواب بھی بھجوا چکی ہے ۔کیس کے چوتھے ملزم محمد علی کی گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں کارروائی میں مصروف ہیں۔تحقیقاتی ٹیم بدھ کو سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کرے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.