5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گذشتہ مالی سال میں153 ارب75 کروڑ کے نئے کرنسی نوٹ چھاپے گئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ سال2009-10کے دوران اسٹیٹ بینک نے153 ارب75 کروڑ کے نئے کرنسی نوٹ چھاپے جبکہ30 جون2010 سے15 فروری2011 تک کرنسی نوٹ چھاپنے کی شرح میں19 فیصد اضافہ ہوا۔وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتایا کہ حالیہ سیلاب کے دوران مجموعی طور پر10 ارب5 کروڑ60 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا۔ تین ارب ڈالر کا پبلک انفراسٹرکچر جبکہ2 ارب ڈالر کا پرائیویٹ سیکٹر میں نقصان ہوا۔ سیلاب سے5 ارب ڈالر مالیت کی فصلیں تباہ ہوئیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے حکومت کو مجموعی طور پر1 ارب21 کروڑ36 لاکھ90 ہزار ڈالر کی بیرونی امداد، گرانٹس اور قرضے وصول ہوئے۔ متاثرین سیلاب کے لیے مختلف ممالک نے41 کروڑ ڈالر جبکہ اقوام متحدہ کے اداروں نے77 کروڑ ڈالر امداد دی۔ متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے غیر سرکاری تنظیموں نے2 کروڑ42 لاکھ ڈالر دیئے۔