5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
امریکی سفیر نے ڈچ وزیرخارجہ کو انتہائی چالاک انسان قراردیا، وکی لیکس
جنگ نیوز -
دی ہیگ…دو ہزار چار میں دی ہیگ میں موجود امریکی سفیر نے ہالینڈ کے وزیر خارجہ بین بوٹ کو یورپ کی سیاست میں انتہائی چالاک قرار دیا تھا اور واشنگٹن پر زور دیا تھا کہ ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کے معاملے پر ان سے حقیقی حمایت حاصل کرنے کا موقع ہاتھ سے ضائع نہ جانے دیا جائے ۔دی ہیگ میں امریکی سفیر کلف فورڈ سوبیل نے چار فروری دو ہزار چار کو یہ مراسلہ اس وقت لکھا جب ڈچ وزیر خارجہ بین بوٹ واشنگٹن کے دورے پر جانیوالے تھے ۔ امریکی سفیر نے بین بوٹ کو یورپ کی سیاست میں ایک انتہائی چالاک انسان قرار دیا اور بتایا کہ یورپی یونین کے لیے آٹھ سال تک سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے بین بوٹ ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کے بڑے ماہر ہیں لہذا ایسی صورت حال میں جب واشنگٹن کے یورپی یونین کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں ،ڈچ وزیر خارجہ کی حمایت حاصل کی جاسکتی ہے ۔ امریکی سفیر کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امن عمل سے لیکر ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات سمیت دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نیٹو اور امریکی فورسز کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کے معاملات میں بین بوٹ سے کافی مدد مل سکتی ہے ۔