5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
افغان طالبان کی صفوں میں دراڑ پر گئی،امریکی اخبار کا دعویٰ
جنگ نیوز -
قندھار …فارن ڈیسک… امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ شکست اور نو سالہ افغان جنگ کی تھکان کے بعدطالبان کی اعلیٰ قیادت اور درمیانے درجے کے کمانڈروں کے تعلقات میں دراڑ پڑ گئی۔امریکی اخبار’نیو یار ک ٹائمز ‘ نے افغانستان میں طالبان کمانڈروں سے انٹرویو کے حوالے سے بتایا کہ درمیانے درجے کے طالبان کمانڈر ز اب لڑائی سے تنگ آچکے ہیں اور جنگی زونز میں جانے سے ہچکچا رہے ہیں۔جنوبی افغان صوبے قندھار اور ہلمند میں نئے امریکی فوجی دستوں کی وجہ سے گزشتہ برس سے طالبان کو شکست ہو رہی ہے۔اخبار کے مطابق طالبان جنگ جواس وجہ سے سرحد پار کر کے پاکستان آرہے ہیں۔ جب ان کو واپس افغانستان میں لڑائی کے لیے دباوٴ ڈالا جاتا ہے تو کئی کمانڈر قیادت کی بات ماننے سے کتراتے ہیں۔ ہلمند میں گزشتہ برس5سو طالبان جنگ جو مارے گئے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اخبار نے یہ نہیں بتایا کہ طالبان کی صفوں میں دراڑ اور شکستہ آثار کے باوجود امریکا کیوں انکے ساتھ خفیہ مذاکرات کر رہا ہے۔