5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شاہد آفریدی ہمپشائر کی طرف سے نمائندگی کیلئے تیار
جنگ نیوز -
لندن…انگلینڈ کی ٹی ٹوینٹی چیمپین ہمپشائر نے اس سال ٹائٹل کے دفاع کیلئے شاہد آفریدی کو بھی اپنے ہتھیار کے طور پر چُن لیا ہے، یوں انگلش شائقین اس سال انہیں اپنے میدانوں پر چھکے چوکے لگاتے دیکھ سکیں گے،انگلینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں ٹی ٹوئنی چیمپئن شپ مئی میں کھیلی جائے گی جس کے دفاع کے لیے کاؤنٹی حکام نے پاکستان کے اسٹارآل راؤنڈر کی خدمات حاصل کرلی ہیں، پچھلے سیزن میں بھی ہمپشائر نے شاہد آفریدی کو کھلانے میں دلچپسی ظاہر کی تھی اور معاملات طے پاگئے تھے مگر قومی ٹیم کی مصروفیات کے باعث شاہد آفریدی کاؤنٹی کی نمائندگی نہیں کرسکے تھے، اس سیزن میں آفریدی سے معاہدہ کرنے کے بارے میں ہمپشائر کے منیجر جائلز وائٹ کا کہنا ہے کہ آفریدی ایک بہترین آل راؤنڈر ہیں، ان کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹائٹل کے دفاع کی پوری کوشش کریں گے ،شاہد آفریدی کے علاوہ پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر بھی اوور سیز پلیئر کے طور پر ہمپشائر سے کھیلیں گے۔