تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

دوہری شہریت کے حامل ارکان پارلیمنٹ کے کوائف طلب

جنگ نیوز -
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹس سے دوہری شہریت کے حامل ارکان پارلیمنٹ کے کوائف طلب کرلیے ہیں،جبکہ قومی اسمبلی کی نشست کے لیے انتخابی اخراجات15 سے بڑھاکر 50 لاکھ اور صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے 10 سے بڑھاکر 30 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔انتخابی اصلاحات،انتخابی نشانات ،بلدیاتی انتخابات اور دیگر امور پر الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں چودہ سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوئے تاہم ملک کی دو بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے نمائندے شریک نہیں ہوئے۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کو مستقل انتخابی نشانات الاٹ کرنے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ ایک دوسرے سے مشابہت رکھنے والے اور مضحکہ خیز انتخابی نشانات کو ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ امیدواروں کی اہلیت جانچنے کے طریقہ کار پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سپریم کورٹ سے درخواست کی جائے گی کہ آئندہ انتخابات کرانے کے لیے ججز کی تعیناتی کی اجازت دی جائے۔ اشتیاق احمد خان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی عذرداریاں نمٹانیکیلئے ریٹائرڈ ججز کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے تاہم اس کے لیے صوبوں میں یکساں قانون سازی ہونا ابھی باقی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.