5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
نوجوان، الطاف حسین کی قیادت میں انقلابی کردار ادا کریں،حیدر رضوی
جنگ نیوز -
؎کراچی …کونسل آف پروفیشنلز (COP)کے زیر اہتمام ڈیفنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہر نوجوانوں ، خواتین اور طالب علموں کا اجلاس منعقد ہوا جس سے حق پرست رکن قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی نے خطاب کیا ۔ اجلاس میں کونسل آف پروفیشنلز (COP)کے انچارج علی راشد اورجوائنٹ انچارج و دیگراراکین موجو د تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ نوجوان طبقہ خصوصاً مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے نئی نسل اور طالب علم قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں آنے والے غریب و متوسط طبقے کے انقلاب میں فعال کا کردار ادا کریں ، ایم کیوایم ملک میں جاگیرداروں ، وڈیروں ، سرداروں اور سرمایہ داروں پر مشتمل دو فیصد مراعات یافتہ طبقے کی حکمرانی کے خاتمے اور ملک میں حکمرانی کا حق غریب و متوسط طبقے کے پڑھے لکھے ، بلاصلاحیت ، ہنر مند اور میرٹ پر پورا اتر نے والے افراد کے ہاتھوں میں دینا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم حق پرستی کی ایک تحریک ہے اور اس کے سیاست میں آنے کا مقصد ذاتی مفادات کا حصول ہرگز نہیں ہے بلکہ ایم کیوایم سیاست برائے خدمت کے فلسفے پر عمل پیرا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی ، غربت ، بے روزگاری ، ظلم و زیادتی اور ناانصافی کے واقعات اور مسائل ایسے مسائل کو جنم دے چکے ہیں جن سے نجات کیلئے ملک میں غریب و متوسط طبقہ کا پرامن انقلاب ناگزیر ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں انقلاب کے نعرے ان جماعتوں کی جانب سے بھی بلند کئے جارہے ہیں جو خود انقلاب دشمن ہیں اور ملک بھر کے عوام انقلاب کی صحیح سمت کا تعین ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ماضی و حال کو اچھی طرح دیکھ بھال اور جانچ کرکریں کیونکہ ایسے ممالک جب وہ انقلاب کے دہانے پر ہوتے ہیں تو ایسے میں انقلاب دشمن قوتیں عوام کو دھوکا دینے کیلئے سرگرم ہوجایا کرتی ہیں اور ان کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ وہ عوامی رائے عامہ کا رخ انقلاب کی صحیح سمت متعین کرنے والے سے موڑ دیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں قائد تحریک الطاف حسین نے جس انقلاب کی بات کی ہے وہ ملکی دولت لوٹنے والوں کرپشن ،چوروں ، لیٹروں ، ڈاکوئوں اور غریب عوام کو ظلم و زیادتی کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم خلاف ماضی میں منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے کرکے ملک بھر کے عوام کو بدظن کیا گیا لیکن قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں اب ایم کیوایم ملک بھر میں غریب و متوسط طبقے کے عوام کی ترجمان بن چکی ہے اورا س پرتمام قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کا اعتماد یہ ثابت کرتا ہے کہ الطاف حسین نے ہی ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے جس انقلاب کی بات ہے اس کی سمت صحیح ہے اور ملک بھر کے عوام باالخصوص نوجوان طبقہ کو اسی سمت آنا چاہئے اور ایم کیوایم کا بھر پور ساتھ دینا چاہئے ۔