5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دس نکاتی ایجنڈا:حکمران اتحاد اور نوازلیگ کے اہم اجلاس آج طلب
جنگ نیوز -
اسلام آباد/لاہور…حکومت اور مسلم لیگ نواز کے درمیان دس نکاتی ایجنڈے پر مذاکرات مکمل ہونے کے بعد حکمراں اتحاد اور نواز لیگ کے اجلاس آج طلب کرلئے گئے ہیں ۔دس نکاتی قومی ایجنڈے پر مسلم لیگ نواز اور حکومت کے درمیان مذاکرات گذشتہ روز مکمل ہوگئے ۔ ایجنڈے پر عمل درآمد کیلئے نوازشریف کی طرف سے حکومت کو دی گئی45 دن کی ڈیڈ لائن بھی آج ختم ہورہی ہے۔ نواز لیگ کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اسحاق ڈار نے آج رائے ونڈ میں پارٹی قائد نواز شریف کو بات چیت کی تفصیل سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری نثار بھی موجود تھے ۔ اس مشاورتی اجلاس میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کے نتائج پر غور کیا گیا جس کے بعد نواز شریف نے پارٹی کے رہنماؤں کا اجلاس آج ہی رائے ونڈ میں طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔ دوسری جانب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی حکمراں اتحاد میں شامل جماعتوں کا اجلاس آج شام طلب کرلیا ہے ۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور امن وامان کی صورت حال پر غور کیا جائیگا ۔ گذشتہ روز حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے بعد اسحاق ڈار نے دس نکات کو10 گلاسوں سے تشبیہ دی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے کچھ گلاس آدھے اور کچھ اس سے تھوڑے زیادہ بھرے ہیں ۔ حکومتی ٹیم کے سربراہ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ تمام 10 نکات پر کسی حد تک عمل درآمد ہوا ہے ۔