5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری پھر سے شروع
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا ہے ۔کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہیں ۔پنجاب کے بعض علاقوں میں آج صبح ہونیوالی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے ۔استور میں دو دن کے وقفے کے بعد برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔برف باری کی وجہ سے راستوں کی بندش کے باعث اشیا خوردونوش ، ایندھن اور دواؤں کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔اسکردو اور گھانچے سمیت مختلف علاقوں میں موسم آج دوسرے روز بھی ابر آلود ہے،گزشتہ رات مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر برف باری اور نشیبی علاقوں میں بارش کاسلسلہ ایک بارپھرشروع ہوگیا ہے۔ مختلف مقامات پر لینڈ سلائڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے باعث بند ہوجانیوالی رابطہ سڑکیں تاحال نہیں کھولی جاسکیں ہیں۔پاراچنار سمیت قبائلی علاقوں میں بارش اورپہاڑوں پر برف باری جاری ہے۔علاقے میں بجلی کی طویل بندش اور خشک لکڑی کی قیمتوں میں اضافے سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔شمالی بلوچستان میں چمن، پشین ،زیارت ،مسلم باغ اور کان مہتر زئی سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ رات سے جاری ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں ملتان ، وہاڑی، چیچہ وطنی و گردونواح میں آج صبح ہونیوالی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔