5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بجلی کی طلب میں کمی کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ ہوسکی
جنگ نیوز -
لاہور…ملک میں بجلی کی طلب میں کمی اور پیپکو کے دعوؤں کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ ہوسکی، لاہور سمیت ملک بھر میں کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ پیپکو نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ بتدریج کم ہو گی لیکن اس کے برعکس ہے ،لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہورہا ہے۔ لاہورسمیت بڑے شہروں میں دو کی بجائے5 سے7 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ10 گھنٹے سے تجاوز کرگئی ہے۔پیپکو ترجمان کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار10ہزار281 اورطلب12ہزار70 میگاواٹ ہے۔اس طرح شارٹ فال ایک ہزار سو189میگاواٹ ہوگیا ہے ملک میں بجلی کی ہائیڈل پیداوار4ہزار713، تھرمل جنریشن ایک ہزار383اور آئی پی پیز کی پیداواربھی کم ہو کر 4 ہزار 123 میگاواٹ پر آ گئی ہے۔ پیپکو ترجمان کا کہنا ہے کہ صورت حال میں جلد بہتری آئے گی۔