5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
آسکرایوارڈ سے جڑی نحوست کی داستانیں
جنگ نیوز -
لاس اینجلس …فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکر کی رنگا رنگ تقریب میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ اس ایوارڈ کا حصول ہر اداکار کا خواب ہوتا ہے لیکن نحوست کی کچھ عجیب داستانیں بھی اس ایوارڈ سے جڑی ہیں جس کا شکار زیادہ تر اداکارائیں بنی ہیں ۔ اِسے حسنِ اتفاق کہیں یا کچھ اور کہ بہترین اداکارہ کا آسکر جیتنے والی کئی اداکاراؤں کیلئے یہ ایوارڈ اُن کی شادی شدہ زندگی کیلئے نحوست ہی ثابت ہوا ہے ۔ اس کا ثبوت ماضی قریب میں آسکر ایوارڈ جیتنے والی اداکارائیں ہیں جو ایک طرف سنہری ایوارڈ گھر لے کر گئیں تو کچھ ہی عرصے میں اسی گھر کا شیرازہ بکھر گیا ۔2010میں بیسٹ ایکٹریس کا آسکر ایوارڈ فلم بلائنڈ سائڈ میں بہترین اداکاری پر سینڈرا بل اوک کو دیا گیا ۔ یہ ایوارڈ جیتنے کے محض ایک ہفتے بعد ہی ان کے شوہر جیسی جیمز کا ایک معاشقہ ہیڈ لائنز کی زینت بنا اور دونوں کی پانچ سالہ ازدواجی زندگی کا خاتمہ طلاق پر ہوا ۔ 2009میں کیٹ ونسلیٹ نے فلم دی ریڈر میں نازی ڈیتھ کیمپ کے سابق گارڈ کا کردار نبھانے پر آسکر ایوارڈ حاصل کیا لیکن اسی سال کے آخر میں کیٹ کی اپنے شوہر ڈائریکٹر سام مینڈیز سے علیحدگی ہوگئی ۔ 2006میں فلم واک دی لائن میں کام کرنیوالی اداکارہ ریسی ویدر اسپون نے آسکر جیتنے کے بعد اپنے شوہر رائن فلپ کا بطورِ خاص شکریہ ادا کیا تھا لیکن انہیں کیا معلوم تھا کہ سات سال کا یہ ساتھ جلد ہی ختم ہونے والا ہے ۔ 2005میں فلم ملین ڈالر بے بی میں بہترین اداکاری پر ہیلری سوانک نے آسکر ایوارڈ حاصل کیا لیکن یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد کچھ ہی عرصے میں اُن کی دس سال پر پھیلی ازدواجی زندگی بھی ختم ہوگئی۔2002میں ہیلی بیری بھی آسکر کی نحوست کا شکار بنیں ۔ انہوں نے فلم مانسٹرز بالmonsters's ball میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا لیکن اس کے بعد ہیلی اور ان کے شوہر کے تعلقات ایسے خراب ہوئے کہ سال بھر میں ہی دونوں کے راستے الگ ہوگئے ۔ گذشتہ9 سال میں آسکر ایوارڈ جیتنے والی پانچ اداکاراؤں کی ازدواجی زندگی کا خاتمہ طلاق پر ہوا ۔ اب دو ہزار گیارہ کے آسکر کی دوڑ میں فلم دی بلیک سوان میں کام کرنیوالی نٹالی پورٹ مین سب سے آگے ہیں ۔ ان کے ساتھ دی ریبٹ ہول میں عمدہ اداکاری کرنے والی نکول کڈ مین بھی مضبوط امیدوار ہیں ۔ دو ہزار گیارہ کا آسکر ایوارڈ دونوں میں سے کس کے حصے میں آتا ہے اور اس کی شادی شدہ زندگی پر کس طرح اثر انداز ہوتا یہ جلد ہی پتہ چل جائیگا ۔