5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
یونی فکیشن بلاک میں شامل ارکان پنجاب اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری ظہیر الدین نے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ اور بائی سائیکل کے نشان پر منتخب ہونے کے بعد یونیفکیشن بلاک بنانے والے ارکانِ پنجاب اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ہیں جس کے بعد ان کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن پاکستان کو ریفرنس بھیجے جائیں گے۔مسلم لیگ ق کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق پہلے مرحلہ میں15 ارکان کو بھجوائے گئے ہیں، شو کاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یونی فکیشن بلاک میں شامل ہونیوالے ارکان مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہوئے لیکن یونی فکیشن گروپ کے بھیس میں آپ نے حکومتی نشستیں حاصل کرلیں اور ایک ممبر کو قائد بناکر کابینہ میں وزیربننے کے بیانات دیئے اور وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ دینے کا بھی اعلان کیاجو پارٹی سے غدار اور لوٹا بلاک ہے، شوکا نوٹس میں یونی فکیشن بلاک سے کہا گیاہے کہ انہوں نے پارٹی سے غداری اور راہِ فرار اختیار کر کے الگ گروپ بنانے اور حکومتی پارٹی سے مل جانے کے عملی اقدامات قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔ اگر انہوں نے3 یوم میں اس کاتسلی بخش جواب نہ دیا تو ان کیخلاف الیکشن کمیشن کو بھجوانے کیلئے نااہلی کے ریفرنسز اسپیکر کو بھیج دیئے جائینگے جو وہ آئین کے تحت2یوم میں الیکشن کمیشن کو بھجوانے کے پابندہیں۔