5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ٹوکیو: صدر زرداری کی شہنشاہ جاپان اکی ہیٹو سے ملاقات
جنگ نیوز -
ٹوکیو…صدر آصف علی زرداری نے ٹوکیو میں جاپان کے شہنشاہ اکی ہیٹو سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون اور عوامی رابطوں کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جاپان کے شہنشاہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے ۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا کردار اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ جاپان کے دیرینہ تعلقات ہیں جس میں وقت کے ساتھ مزید اضافہ ہوگا ۔ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔اس سے پہلے صدر زرداری اور جاپان کی ایک معروف کمپنی یاماہا موٹرز کے سربراہ کی ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر کمپنی نے پاکستان میں پندرہ کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا جس سے دو ہزار افراد کو ملازمت کے مواقع ملیں گے ۔ کمپنی کراچی میں50ایکڑ پرمینو فیکچرنگ پلانٹ بھی لگائے گی ۔ ٹوکیو میں جاپان پاکستان پارلیمینٹرین فرینڈ شپ لیگ نے صدر زرداری کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔ فرینڈ شپ لیگ کے چیئر مین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ فرینڈ شپ لیگ دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی ۔