5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بیرون ملک جانیوالے فنکاروں اورطلبہ کو این اوسی لیناہوگا، وزیرداخلہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ غیرملکی ادارے ملازمین کے کوائف حلف نامے پرفراہم کریں، بیرون ملک جانیوالے فنکاروں اورسکالرشپ پرتعلیم حاصل کرنیوالوں کووزارت داخلہ سے این اوسی لیناہوگا۔ ان کاکہناہے کہ ملک توڑنے کی سازشیں جاری ہیں ، کسی کوبھی پاکستان کی ایٹمی صلاحیت برداشت نہیں ہورہی۔قومی اسمبلی اجلاس میں نکتہ اعتراض پربات کرتے ہوئے وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ سیاسی قیادت نے اتحاد کا مظاہرہ نہ کیا تو کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی اسپیکر سے کہا کہ انہیں ان کیمرہ بریفنگ کی اجازت دی جائے جس میں وہ تمام حقائق بیان کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ اگر مالاکنڈ اور سوات میں اتفاق رائے سے پوری قوت سے کارروائی نہ جاتی تو آج یہ اسمبلی قائم نہ ہوتی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مصر کی اخوان المسلمون کے رہنما اس خطے میں لڑ رہے ہیں،ایمن الظواہری اسی جماعت کا رہنما ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی والے کافر ہیں۔انہوں نے جب لشکرجھنگوی اور بیت اللہ محسود کو للکارا تو ان کے سر کی قیمت 50 کروڑ مقرر کر دی گئی تاہم وہ آخری سانس تک ان کیخلاف لڑیں گے۔رحمان ملک نے کہا کہ ڈیڈ لائن اسکولوں میں امتحانوں کی ہوتی ہے، سیاست میں کوئی ڈیڈ لائن نہیں ہوتی، امن و امان کی صورتحال صوبوں کی ذمہ داری ہے،وفاق کا کام پالیسی بنانا ہے۔