5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سندھ میں مجسٹریسی نظام کیلئے متحدہ سے مشاورت کرینگے، سراج درانی
جنگ نیوز -
کراچی …سندھ کے وزیر بلدیات آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ حکومت کی نیت ٹھیک ہے،وفاق سے فنڈز تاخیر سے ملنے کی وجہ سے دریائے سندھ کے متاثرہ بندوں اور پشتوں کی مرمت تاخیر سے شروع ہوئی ۔سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ سیلاب ایک قدرتی آفت ہے، متاثرین کی مدد کیلئے صوبائی حکومت نے اپنے بھی فنڈز بھی لگادئیے حتی کہ محکمہ بلدیات کے فنڈز بھی اس مد میں استعمال کیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی کوشش ہے کہ دریائے سندھ کے متاثرہ بند مضبوط کیے جائیں، دیگر بندوں پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں مجسٹریسی نظام کے بل پر اگلے ایک دو روز میں ایم کیو ایم کے دوستوں کے ساتھ بیٹھیں گے اور اس کا حل نکال لیں گے ۔آغا سراج درانی نے کہا کہ میری تو خواہش ہے کہ یہ بل آج ہی منظور ہوجائے ،ایک سوا ل پر انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے گھوٹگی کے درمیان تقریبا دو سو افراد کا ایک گروپ اغو کی وارداتوں میں ملوث بتایا جاتا ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ اس گروپ کے افراد کے پاس موبائل کی سیکڑوں سمیں بھی موجود ہیں، محکمہ داخلہ اور وزیر داخلہ اس معاملے پر کام کررہی ہے ،رشتہ دار کے اغوا کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اغوا کی وارداتوں کیخلاف کارروائی میں محکمہ داخلہ سے تعاون کررہا ہوں، تفصیلات نہیں بتاسکتا،انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کو ہمیشہ سرپرستیاں حاصل رہی ہیں۔