5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لیبیا میں حکومت مخالف مظاہرے ،پاکستانیوں سمیت ڈیڑھ لاکھ غیرملکی پھنس گئے
جنگ نیوز -
کراچی…عرب ممالک حکومت مخالف مظاہروں کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔لیبیامیں پاکستانیوں سمیت ڈیڑھ لاکھ سے زائد غیر ملکی پھنسے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ ،امریکا اور یورپ نے فوری طور پر تشدد کارروائیاں بند کرنے پر زور دیا ہے۔لیبیا کے رہنما معمر قذافی کی جانب سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ مسترد کرنے اوراپنے حامیوں سے باہر نکلنے کی اپیل کے بعدعرب لیگ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کی مذمت کی ہے۔اطالوی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ لیبیا میں مظاہرین پر تشدد سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد1000 تک پہنچ گئی ہے۔واشنگٹن میں امریکی صدر بارک اوباما نے کہا کہ لیبیا کے عوام پر تشدد ظالمانہ اور شرمناک ہے یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔بگڑتی ہوئی صورتحال کے سبب کئی ممالک لیبیا سے اپنے شہریوں کو نکالنے کی کوشش کرہے ہیں ،جہاں پاکستانیوں سمیت ڈیڑھ لاکھ سے زائد غیر ملکی پھنسے ہوئے ہیں۔دوسری جانب یمن میں صدرعلی عبد الل صالح نے سیکورٹی اہلکاروں کوحکومت مخالف اور حامی مظاہرین کی مکمل حفاظت کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ملک میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں15افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔