تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ورلڈ کپ:جنوبی افریقا کی ٹاس جیت کرویسٹ انڈیز کیخلاف فیلڈنگ

جنگ نیوز -
نئی دہلی…10ویں آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اہم میچ میں جنوبی افریقانے ٹاس جیت کرویسٹ انڈیز کوبیٹنگ کی دعوت دی ہے،یہ میچ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کی خطرناک ترین وکٹ پر کھیلا جا رہا ہے جسے جیو سپربراہ راست نشر کررہا ہے۔ یاد رہے کہ فیروز شاہ کوٹلہ وہی گراؤنڈ ہے جس پر دسمبر 2009میں وکٹ کے خطرناک رویئے کے باعث ”ان فٹ “ قرار دے کر انٹرنیشنل میچز کی میزبانی پر پابندی لگادی گئی تھی۔پچ کی بدترین سطح کی وجہ سے بھارت اور سری لنکاکے درمیان میچ 23اوورز کے بعد منسوخ کردیا گیا تھا اور اس اسٹیڈیم پر آئی سی سی نے بین الاقوامی میچز کے انعقاد پر پابندی لگادی تھی۔ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل یہاں آئی پی ایل کے کئی میچز ہوچکے ہیں۔ جنوبی افریقن آل راؤنڈر جیک کیلس کا کہنا ہے کہ انہوں نے پچ کا جائزہ لیا ہے، یہ اب اتنی خطرناک نہیں رہی، ہم نے آئی پی ایل کے دوران بھی یہاں کھیلا ہے جس کا فائدہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں ہوگاجبکہ کپتان گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ وہ وکٹ کے رویے کے حوالے سے پریشان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں آل راؤنڈر جیک کیلس کا کردار اہم ہوگا۔ویسٹ انڈیز ٹیم کے نائب کپتان ڈوین براؤو نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم جنوبی افریقا سے مقابلے کیلئے تیار ہے ہم اس ورلڈ کپ سے بھرپور لطف اٹھائیں گے۔یاد رہے کہ گروپ بی کی دونوں ٹیموں کا یہ پہلا میچ ہوگا۔ پروٹیز اس گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ ویسٹ انڈیز ٹیم اس سے قبل 23اکتوبر 1989میں بھارت کے خلاف کھیل چکی ہے۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے درمیان اب تک 50ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے 37 میں جنوبی افریقا جبکہ 12میں ویسٹ انڈیز کامیاب رہا، ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.