5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈڈیوس کیس کی پیروی سے باز رکھنے کیلئے قاتلانہ حملہ کیا گیا ،محمد سرور
جنگ نیوز -
فیصل آباد…ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونے والے فہیم کی مرحومہ بیوہ کے ماموں کا کہنا ہے کہ کیس کی پیروی سے باز رکھنے کیلئے ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے، حملہ آور قتل کرنے کے بعد اسے خودکشی کا رنگ دینا چاہتے تھے۔ریمنڈ ڈیوس کیس میں انصاف نہ ملنے کے خدشے پر خودکشی کرنے پر شمائلہ فہیم کے ماموں محمد سرور کو چند روز قبل نامعلوم افراد نے ریمنڈ ڈیوس کیس کی پیروی جاری رکھنے پر جان سے مارنے کی دھکمیاں دی تھیں۔گزشتہ شب نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر محمد سرور کو زبردستی زہریلی گولیاں کھلادیں اور تشدد کا نشانہ بنایا مزاحمت اور شور کرنے پر نامعلوم حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ۔محمد سرور کو اسپتال پہنچایا گیا، ابتدائی طبی امداد کے بعداسے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔