5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مایوس نہیں ،قوم کے ساتھ ملکر ملک کو مشکل سے نکال لیں گے، نوازشریف
جنگ نیوز -
ڈی جی خان…مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ پارٹی سے مایوس نہیں ،ماہرین کی ٹیم قوم کے ساتھ مل کر ملک کو مشکل کے اس بھنور سے نکال لے گی ۔لاہور میں ڈی جی خان سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ امداد کی بھیک ، عزت اور وقار کو ہڑپ کر لیتی ہے ۔ لیگی کارکن نوجوانوں کے ساتھ مل کر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لیے کام کریں ۔لانگ مارچ کے ذریعے عدلیہ بحال ہوئی اور آج آزاد عدلیہ قوم کو کرپشن سے نجات دلانے کے لئے کام کر رہی ہے ۔ مسلم لیگ نواز پاکستان کو ظلم اور کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتی ہے۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، لوڈ شیڈنگ ، کرپشن اور دہشت گردی مشرف کی پالیسیوں کا تسلسل ہے ۔ نواز شریف نے گزشتہ ایک ہفتے سے کارکنوں سے مشاورت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کے قائدین ، اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کا اہم اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کیا ہے ۔ اجلاس کے بعد نواز شریف پریس کانفرنس میں بعض اہم اعلانات بھی کریں گے ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پنجاب میں پی پی پی سے چھٹکارا پانے، جلاوطنی کے دوران بے وفائی کرنے والوں کے لیے پارٹی کے دروازے کھولنے اورعام معافی کے ساتھ ساتھ آئین میں بعض ترامیم کی تجاویز کا اعلان بھی متوقع ہے ۔