تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

مرحومہ شمائلہ کے ماموں کو زہر دینے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے ، رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لاہور کے سانحہ مزنگ روڈ میں امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے فہیم کی مرحومہ اہلیہ شمائلہ کے ماموں محمد سرور کو زہریلی گولیاں دیکر ہلاک کرنے کی سازش پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیاہے۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ فہیم کی ہلاکت اور شمائلہ کی خودکشی کے بعد اس گھرانے کے ایک اور فرد محمد سرور کو گزشتہ روز زہریلی گولیاں کھلاکر ہلاک کرنے کی یہ سازش دراصل انصاف اور قانون کے منہ پر ایک طمانچہ ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ واقعہ کی تفصیل کے مطابق بدھ کو نامعلوم افراد فیصل آباد میں محمد سرور کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور محمد سرور کو شدید زدوکوب کرنے کے بعد زہریلی گولیاں زبردستی ٹھونس دی جس سے ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہا ہے کہ مقدمے کی پیروی اور انصاف کا حصول پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق انہیں اس حق سے ہرگز نہیں روکا جاسکتا ۔حکومت محمد سرورکو زہر دینے والوں کو فوری طورپر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے اور ان کے اہلخانہ تحفظ فراہم کرے تاکہ سانحہ مزنگ لاہور روڈ کے مقدمے میں انہیں انصاف میسر آسکے ۔ رابطہ کمیٹی نے محمد سرور کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ہے ۔دریں اثناء آزادکشمیر اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈراوروزیر سیاحت طاہر کھو کھر نے گذشتہ دنوں جہلم میں سفاکانہ قتل کی جانیو الی جواں سال لڑکی امبر کے والد ین سے ان کی رہائش گا ہ جاکرملاقات کی ۔ا نہوں نے متاثرہ والدین سے اس افسوسناک واقعہ پر قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم آ پ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اورا س بہیمانہ قتل پر سخت مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور سوگوار وں کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔اس موقع پر متاثرہ والدین نے الطاف حسین اور ایم کیوایم کی جانب سے بھرپور تعاون کر نے پر شکریہ ادا کیا اور الطاف حسین کی درازی عمرکیلئے دعا بھی کی ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.