5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سپریم کورٹ کے جسٹس زاہد حسین کی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ کے غیر فعال جج جسٹس زاہد حسین بخاری نے بطور جج سپریم کورٹ قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست چیف جسٹس پاکستان کو دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق جسٹس زاہد حسین کی بطور جج سپریم کورٹ ریٹائرمنٹ کی درخواست وزارت قانون کے ذریعے صدر کو بھجوا دی گئی ہے،جسٹس زاہد حسین کے خلاف پی سی او کے تحت حلف اٹھانے پر توہین عدالت کی کارروائی جاری تھی اور سپریم کورٹ کے چار رکنی بینچ نے جن غیر فعال پی سی او ججوں پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا تھا جسٹس زاہد حسین بھی ان میں شامل تھے۔جسٹس زاہد حسین اکتوبر2009سے غیر فعال تھے اورانہوں نے دسمبر 2014 میں ریٹائر ہونا تھا۔ جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایاکہ قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست آج ہی چیف جسٹس آف پاکستان کو دی ہے، ان کاکہناتھاکہ انہوں نے اپنے ادارے کی بہت خدمت کی ، اب گڈ بائی کہنے کاوقت آگیا۔ اس سوال کے جواب پر کہ توہین عدالت کی فرد جرم عائد کئے جانے کے خلاف کیا وہ اپنی انٹرا کورٹ اپیل بھی واپس لیں گے، انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ سپریم کور ٹ میں فاضل جج صاحبان کے سامنے زیر سماعت ہے وہ ابھی کچھ نہیں کہیں گے۔