5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
قومی دولت کی لوٹ مار کے خلاف عوامی انقلاب وقت کی ضرورت ہے، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہاہے کہ پاکستان میں قومی دولت کی لوٹ مار کے خلاف عوامی انقلاب وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اب مکروفریب اور جبروتشدد سے عوامی انقلاب کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔یہ بات انہوں نے ایم کیوایم برطانیہ یونٹ کے تحت جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایم کیوایم لندن کے مختلف یونٹوں ایسٹ لندن،ٹوٹنگ،ویمبلے،ایجویئر،ساؤتھ آل ،سلاؤکے علاوہ مانچسٹریونٹ، برمنگھم یونٹ، شیفیلڈیونٹ،گلاسگویونٹ،کے ذمہ داران وکارکنان کے علاوہ ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج ڈاکٹر سلیم دانش، جوائنٹ انچار ج فیض احمد اور آرگنائزنگ کمیٹی کے دیگرارکان بھی موجود تھے ۔جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن محمد اشفاق نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین گزشتہ کئی برسوں سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خلاف عملی جدوجہد کررہے ہیں ۔ ایم کیوایم ،پاکستان کی واحد جماعت ہے جو غریب عوام کے حقوق کا صر ف نعرہ نہیں لگاتی بلکہ ایم کیوایم نے غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایماندار، باصلاحیت اور تعلیم یافتہ افراد کو اسمبلیوں میں بھیجا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کا حق پرستانہ فکروفلسفہ ملک بھرمیں فروغ پارہا ہے اور ملک بھر کے مظلوم عوام ایم کیوایم کے پرچم تلے جمع ہورہے ہیں ۔ انشاء اللہ اب مکروفریب اور جبروتشدد سے عوامی انقلاب کا راستہ نہیں روکاجاسکتا۔رکنرابطہ کمیٹی قاسم علی رضا نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ دیا ہے اورقائد تحریک الطاف حسین نے بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق ایم کیوایم کے تمام کارکنان کو انصاف ، مساوات اوراپنی ذات سے بالاتر ہوکر عوام کے اجتماعی مفادات کیلئے جدوجہدکا درس دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 63 برسوں سے ملک وقوم پر مسلط فرسودہ جاگیردارانہ نظام نے 98 فیصد غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کے جائز حقوق غصب کررکھے ہیں ، سرکاری بنکوں سے اربوں کھربوں روپے کے قرضے لیکر معاف کرائے اور آج بھی قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں قومی دولت کی لوٹ مار کے خلاف عوامی انقلاب وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور جب تک ملک کوقومی لٹیروں سے نجات نہیں ملے گی پاکستان ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن نہیں ہوسکتا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم برطانیہ کے آرگنائزر ڈاکٹر سلیم دانش نے کہاکہ ایم کیوایم دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سمجھ کررہی ہے لہٰذا دیاغیر میں موجود تمام ذمہ داران اور کارکنان دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں اورپاکستان میں عوامی انقلاب کیلئے قائد تحریک الطاف حسین کا دست وبازو بنیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن منشاء خان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی واحد جماعت ہے جس کے منتخب نمائندوں کے دامن کپشن سے پاک ہیں اور پاکستان کو ایسی ہی ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔