5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی ،تنخواہ نہ ملنے پرچوکیدار نے سرکاری کالج کوتالا لگادیا
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں تنخواہ نہ ملنے پرچوکیدار نے سرکاری گرلز کالج کوتالا لگادیاہے جس کی وجہ سے ایک ہفتے سے کالج میں تدریسی عمل معطل ہے۔ گرلز کالج قصبہ کالونی میں تدریسی عمل محض اس لئے معطل ہے کہ کالج میں تعمیراتی کام کرنے والے ٹھیکیدار کی طرف سے رکھے گئے چوکیدار کودومہینے سے تنخواہ نہیں دی گئی ہے۔جس کی وجہ سے چوکیدار نے کالج کوتالا لگادیاہے جس سے100سے زائد طالبات کی تدریس رک گئی ہے۔جیونیوزکی ٹیم کے کہنے پرچوکیدارنے تالا کھول کرکالج کے اندر جانے کی اجازت دی۔اس موقع پرکالج پرنسپل کوبھی بلایا گیا،جنہوں نے بتایا کہ اس صورتحال سے محکمہ تعلیم کے حکام کو آگاہ کیا گیالیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی،ان کا کہنا تھاکہ اس کالج کا افتتاح ڈھائی سال قبل کیاگیا تھا تاہم اب تک کالج میں ایک بھی استاد مقرر نہیں کیاگیابلکہ علاقے کی پڑھی لکھی خواتین بلامعاوضہ تدریس کے فرائض انجام دیتی ہیں ۔