5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
معمرقذافی نے سعودی عرب تقسیم کرنے کا خواب آنکھوں میں سجایا،وکی لیکس
جنگ نیوز -
تریپولی...لیبیا کے حکمراں کرنل معمرقذافی نے سعودی عرب کو بھی تقسیم کرنے کا خواب آنکھوں میں سجایا ۔ دو ہزار چھ کے دوران خفیہ سفارتی دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ معمر قذافی نے اس سلسلے میں امریکا پر خوب دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ اس بات کا انکشاف اگست دو ہزار چھ میں طرابلس سے واشنگٹن بھیجے گئے مراسلے میں کیا گیا ہے ۔ سفارتی دستاویز کے مطابق قذافی نے امریکا پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب کے قبائلی گروپس کو حق خود ارادیت پر مجبور کرے تاکہ بعد میں وہ سعودی عرب کی موجودہ بادشاہی حکومت سے علیحدہ اپنی حکومت منتخب کرسکیں ۔ قذافی نے یہ بات اس وقت طرابلس کا دورہ کرنیوالے امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے ڈیموکریٹ رکن Tom Lantos سے کہی تھی ۔ ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں قذافی نے ٹام لینٹوس سے سعودی عرب میں بڑھتی ہوئی وہابی ازم پر زیادہ بات کی ۔وکی لیکس سیکے مزید انکشاف کے مطابقکرنل قذافی کی قیادت نے دہشتگردی کی آڑ میں امریکا سمیت غیرملکی آئل کمپنیوں سے بلین ڈالرز بٹورنے کی کوشش کی۔ برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق طرابلس سے واشنگٹن کو بھیجے گئے امریکی سفیر کے مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لیبیا نے دو ہزار آٹھ کے دوران دہشتگردی کا شکار افراد کو فنڈ اسکیم میں ڈیڑھ ارب ڈالر رقم ادا کی ہے لہذا امریکا سمیت دیگر آئل کمپنیاں اس رقم کی لیبیا حکومت کو واپسی کیلئے اپنا حصہ ڈالیں ۔ مراسلے کے مطابق لیبیا قیادت کے سینئر عہدیداروں نے پندرہ کمپنیوں کے نمائندگان سے ملاقات کی اور واضح کیا کہ انھیں فنڈ اسکیم میں شامل ہونا پڑے گا بصورت دیگر دو طرفہ تعلقات پر نظرثانی کی جائے گی ۔ ایک اور مراسلے کے مطابق وزیر اعظم بغدادی المحمودی کا کہنا تھا کہ اگر آئل کمپنیوں نے فنڈز کی ادائیگی میں منہ پھیرا تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے ۔