5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ناگپور: نیوزی لینڈ کا جیت کیلئے آسٹریلیا کو 207رنز کا ہدف
جنگ نیوز -
ناگپور…ورلڈ کپ کرکٹ کا آٹھویں میچ میں نیوزی لینڈکی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 45.1اوورز میں 206رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور کینگروز کو جیت کیلئے 207رنز کا ہدف دیا ہے۔بھارتی شہر ناگپور کے ویدھار بھا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،جو خاصا کارگر ثابت ہوا ۔جونس اور شان ٹیٹ کی شاندار بولنگ نے کیوی ٹیم کو ابتدا ہی سے زبردست مشکلات سے دوچار کردیا۔17ویں اوور میں73رنز پر کیویزکے چھ مستند بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ گپٹل 10،برینڈن مک کلم16، رائیڈر 25، راس ٹیلر7،فرینکلن اور اسٹائرس بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین چل دیے۔ جیمی ہاؤ اور ناتھن مک کلم نے مزاحمت کی اور اسکور 121رنز تک پہنچا دیا ، جہاں جیمی ہاؤ 22رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان ویٹوری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ناتھن مک کلم کے ساتھ مل کر اسکور 175رنز تک لے گئے۔ مک کلم 76گیندوں پر 52رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد ویٹوری 44اورساؤتھی 6 رنز پر وکٹیں گنوا بیٹھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جونسن 4 اور ٹیٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔