5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ورلڈ کپ: پاکستان کل سری لنکا سے ٹکرائے گا
جنگ نیوز -
کولمبو…عالمی کپ کے گروپ اے کا اہم میچ کل کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم پر سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جا رہا ہے،اس میچ کی فاتح ٹیم گروپ میں سرفہرست ہو کرکوارٹر فائنل میں نسبتاً آسان حریف کا سامنا کر سکتی ہے۔ عالمی کپ کے گروپ اے میں مد مقابل دونوں ٹیموں کا یہ ایونٹ میں دوسرا میچ ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے انٹر نیشنل سطح پر کھیلے گئے ایک سو بیس میچوں میں70کامیابیاں پاکستان کے اور46سری لنکا کے حصے میں آئی ہیں،ایک میچ ٹائی ہوا اور تین میچز بلا نتیجہ رہے۔عالمی کپ میں دونوں ممالک کے درمیان معرکوں میں پاکستان کا ریکارڈ سو فیصدی رہا ہے جس نے تمام چھ میچوں میں مد مقابل کوشکست کی ہزیمت سے دوچار کیا ہے۔آر پریما داسا اسٹیڈیم پر اس اہم میچ سے پہلے دونوں ٹیمیں تیرہ مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں،یکساں طور پر پانچ،پانچ فتوحات کے ساتھ دونوں ٹیموں کا پلہ برابر ہے اور تین میچز خراب موسم کی نذر ہو کر بلا نتیجہ رہے۔اس میچ میں کامیابی دونوں ٹیموں کیلئے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ فاتح ٹیم کو گروپ میں سرفہرست پوزیشن تو مل جائیگی مگر کوارٹر فائنل کے اہم مرحلے میں قدرے آسان حریف کا سامنا کرنے کا موقع بھی ملے گا۔