تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

سنی تحریک کے کارکنان کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے ، رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے رنچھوڑ لائن میں سنی تحریک کے کارکنان وسیم قادری اور دانش قادری کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وسیم قادری اور دانش قادری کے بہیمانہ قتل میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔ رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے سنی تحریک کے کارکنان وسیم قادری اور دانش قادری کے بہیمانہ قتل پر سنی تحریک کے عہدیداران ، کارکنان اور مقتولین کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔(آمین)۔دریں اثناء حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 33پیسے فی یونٹ اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ عوام پر بجلی کے نرخ میں اضافہ کرکے مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کا سلسلہ فی الفور بند کیاجائے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک جانب ملک بھر میں بجلی کا سنگین بحران ہے جس کے باعث کاروباری ، صنعتی سرگرمیاں بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ، اسپتالوں میں آپریشن ملتوی کئے جارہے ہیں ، اسکول اور کالجز کے طلباء کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے لیکن دوسری جانب ان تمام مسائل کو نظر انداز کرکے بجلی کے نرخ میں اضافہ کا غیر منطقی سلسلہ بھی جاری ہے جس سے ہر باشعور شخص یہ اندازہ بخوبی لگا سکتا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے عوامی مسائل میں مزید اضافہ کررہی ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو بجلی کے نرخ میں اضافہ میں پالیسی پر فی الفو رنظر ثانی کرنی چاہئے اور عوامی مسائل اور مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس ضمن میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہمی کیلئے عملی اقدامات اور مثبت اقدامات بروئے کار لانا چاہئے ۔ حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 33پیسے فی یونٹ اضافہ فی الفور واپس لیاجائے اور عوام دشمن اقدامات کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.