5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
قومی اسمبلی میں سفارتی استثنا حاصل کرنے والوں کی فہرست پیش
جنگ نیوز -
اسلام آباد...وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان میں موجود غیرملکی سفارت خانوں کے عملے کوحاصل سفارتی استثنا کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہیں ، جس کے تحت پاکستان میں 8سو 51 امریکیوں سمیت 2 ہزار 5 سو 70 غیرملکیوں کو سفارتی استثنا حاصل ہے۔وزارت خارجہ نے مکمل یا کم ازکم استثنا سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی ۔ سفارتی استثنارکھنے والے غیرملکیوں کی تعدادسے متعلق سوال پروزیر مملکت برائے امور خارجہ حناربانی کھرنے تحریری جواب میں بتایاہے کہ پاکستان میں 78 غیر ملکی مشن کے ایک ہزار 9 سو 90 سفارت کاروں اور 6 سو 51 غیر سفارتی عملہ کو سفارتی استثنا حاصل ہے ، ان میں امریکا کے سفارتی عملہ کے554سفارتی جبکہ غیرسفارتی عملہ کے297ارکان شامل ہیں۔ لاہور کے امریکی قونصلیٹ میں 31 ارکان پر مشتمل موجود عملے میں30 کو سفارتی جبکہ ایک کو نان ڈپلومیٹ سفارتی استثنا حاصل ہونے کا بھی انکشاف کیاگیاہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ برطانیہ کے 167 سفارت کاروں اور3غیرسفارتی عملہ ،سعودی عرب کے 134 سفارت کاروں اور 34 غیر سفارتی عملہ کو استثنا حاصل ہے۔ سفارتی استثنا حاصل کرنے والوں میں بھارتی عملہ کے 26 سفارت کار اور 91 غیر سفارتی ارکان، ایران کے 55 سفارت کار اور 9 غیر سفارت کار جبکہ افغانستان کے 57 سفارت کار اورغیرسفارتی عملہ کے تین ارکان شامل ہیں۔