تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

لیبیا میں صورتحال سنگین،خانہ جنگی کا خطرہ، یمن میں 4 مظاہرین مارے گئے

جنگ نیوز -
طرابلس/عدن … لیبیا میں صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے اور خانہ جنگی کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ امریکا نے قذافی حکومت کے اثاثے منجمد کرکے طرابلس میں اپنا سفارتخانہ بند کردیا ۔ ادھر یمن میں پولیس کی فائرنگ سے چار مظاہرین ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے ۔ گزشتہ روز عوام سے معمرقذافی کے خطاب اوراپنے حامیوں کو مسلح کرنے کے اعلان نے خانہ جنگی کے خدشات پیدا کردیئے ہیں ۔ ملک کے مختلف شہروں میں حکومت کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں اور پرتشدد واقعات میں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزارسے تجاوزکرگئی ۔ ملکی حالات سے پریشان37 ہزارافراد بیرونِ ملک چلے گئے ہیں ۔ تاہم معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام کے بیان سے لیبیائی عوام کو روشنی کی ایک کرن نظر آئی ہے ۔ سیف الاسلام کا کہنا ہے کہ مظاہرین سے مذاکرات کئے جائیں گے اور امید ہے کہ مسئلے کا کوئی حل نکل آئیگا۔ دوسری جانب امریکا نے مذمتی بیانات کے بعد عملی قدم اٹھاتے ہوئے طرابلس میں اپنا سفارتخانہ بند کردیا اور لیبیائی حکومت پر پابندیاں عائد کردی ہیں ۔ پابندیوں کے تحت صدر قذافی ، ان کے اہل خانہ اور لیبیائی حکومت میں شامل افراد کے امریکا میں تمام اثاثے منجمد کردیئے گئے ہیں ۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیبیا کے خلاف پابندیوں میں اتحادی ممالک کو بھی شریک کیا جائیگا ۔ امریکی صدراومابا نے ایک بیان میں کہا کہ پابندیاں لیبیائی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں ، عوام پر مظالم اور دھمکیوں کے سبب لگائی گئی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ قذافی حکومت کا احتساب ہونا چاہئے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لیبیا کیخلاف فرانس اوربرطانیہ کی قرارداد پرآج بحث ہوگی ۔ قرارداد میں لیبیا کو اسلحے کی فروخت پر پابندی اور لیبیائی حکام کے اثاثے منجمد کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں ۔ادھر یمن میں بھی حکومت کیخلاف مظاہرے جاری ہیں ۔ عدن شہر میں پولیس نے آج حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر فائرنگ کردی جس سے4 افراد ہلاک اور40 زخمی ہوگئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.