5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
استور میں شدید برفباری، زمینی رابطہ منقطع، لواری ٹنل پھر بند ہوگئی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…گلگت بلتستان کے ضلع استور میں رات بھر شدید برف باری کے بعد تمام رابطہ سڑکیں بند ہیں ۔ چترال میں برف باری اور گلیشیر ٹوٹنے کی وجہ سے لواری ٹنل ایک مرتبہ پھر بند ہوگئی ہے ۔چترال اور گردونواح میں تین روز سے برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ برف باری کی وجہ سے بند ہونیوالی لواری ٹنل گزشتہ روزکھول دی گئی تھی لیکن رات کو دوبارہ برف باری اور گلیشیر ٹوٹنے کے سبب لواری ٹنل ایک بار پھر بند ہوگئی ہے ۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا عملہ ٹنل کھولنے کی کوششں کر رہا ہے ۔گلگت بلتستان کے بیشتر حصوں میں موسم ابر آلود ہے اورکڑاکے کی سردی پڑرہی ہے ۔ ضلع استور میں رات بھر شدید برف باری ہوتی رہی جس کے بعد تمام رابطہ سڑکیں بند ہیں ۔ضلع سوات میں تین روز سے بارش اور وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے ۔ کالام اور مالم جبہ کے بیشتر رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے ۔مانسہرہ ، کوہستان اور بٹ گرام میں موسم ابر آلود ہے ۔ برف باری کی وجہ سے شاہراہ کاغان25 روز سے بند ہے۔مظفر آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری کے بعد سرد ہوائیں چل رہی ہیں ۔ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔کرم ایجنسی کے کوہ سفید میں برفباری کے بعد پاراچناراور ملحقہ علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے ۔ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور علاقے میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔بہاول پورمیں گزشتہ رات موسلادھار بارش کے بعد موسم ابر آلود ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔